ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی بنگلور سے کسانوں کو راغب کرنے کے لئے اسکیم کااعلان کریں گے ، کسانوں کے قرضوں کی معافی کے لئے بی جے پی کا نیا حربہ

مودی بنگلور سے کسانوں کو راغب کرنے کے لئے اسکیم کااعلان کریں گے ، کسانوں کے قرضوں کی معافی کے لئے بی جے پی کا نیا حربہ

Sat, 29 Dec 2018 23:47:29    S.O. News Service

بنگلورو،29؍دسمبر(ایس اونیوز) آنے والے لوک سبھا انتخابات میں رعیت طبقے کے ووٹوں پر نظر رکھتے ہوئے بی جے پی بنگلور میں کسانوں کے قرضوں کی معافی سمیت ان کے بینک کھاتوں میں رقم جمع کرنے سے جڑی وزیراعظم مودی کی نئی اسکیم کا آغاز بنگلور سے کرنے کا منصوبہ مرتب کررہی ہے۔

بی جے پی قائدین کا کہنا ہے کہ جلد ہی بنگلور یا کرناٹک کے کسی بڑے شہرسے وزیراعظم مودی اس اسکیم کی شروعات کرسکتے ہیں۔ ان دنوں دورۂ دہلی پر گئے ہوئے ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے اس ضمن میں وزیراعظم مودی سے ملاقات کا وقت طلب کیا ہے، امکان ہے کہ وزیراعظم کرناٹک سے اس اسکیم کی شروعات پر اتفاق کرلیں گے۔

حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کے بعد کرناٹک کے اپنے پہلے دورے کا استعمال مودی کسان طبقے کو اپنی طرف راغب کرنے کے لئے کرسکتے ہیں۔ 2014 کے پارلیمانی انتخابات میں بھی مودی نے بنگلور پیالیس سے بی جے پی کی انتخابی مہم شروع کی تھی، ریاست میں کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت کی طرف سے کسانوں کے قرضوں کی معافی کے بعد ریاست میں بی جے پی کی ساکھ کو جو نقصان پہنچا ہے ، اس کی تلافی کے لئے بی جے پی کرناٹک میں مودی کو مدعو کرنے کے لئے بے چین ہے۔

ریاستی حکومت نے کوآپریٹیو بینکوں کے ذریعے قرضے معاف کردئے ہیں اور قومی بینکوں سے 45ہزار کروڑ روپیوں تک کے قرضے معاف کرنے کااعلان بھی کردیا ہے۔ساتھ ہی ضلعی سطح پر کسانوں کو قرضوں کی معافی کے مکتوب بھی جاری کئے جارہے ہیں۔ ایسے میں وزیر اعظم مودی کسانوں کے قرضوں کو مرکزی حکومت کی طرف سے معاف کرنے کا اعلان اگر کرناٹک سے کریں گے تو اس سے بی جے پی کو فائدے کی امید ظاہر کی جارہی ہے، اس کے برعکس مدھیہ پردیش اور راجستھان میں قائم کانگریس حکومتوں نے اقتدار سنبھالنے کے 24 گھنٹوں کے اندر کسانوں کے قرضوں کی معاف کا اعلان کردیا، جس کی وجہ سے ان ریاستوں میں بھی بی جے پی کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ 


Share: